Urdu Zaban par sher اُردو زبان پر شعر
(۱) نہیں کھیل اے داغؔ یاروں سے کہہ دو
کہ آتی ہے اردو زباں آتے آتے
(۲) سلیقے سے ہواؤں میں جو خوشبو گھول سکتے ہیں
ابھی کچھ لوگ باقی ہیں جو اردو بول سکتے ہیں
(۳) وہ عطر دان سا لہجہ مرے بزرگوں کا
رچی بسی ہوئی اردو زبان کی خوشبو
(۴) وہ کرے بات تو ہر لفظ سے خوشبو آئے
ایسی بولی وہی بولے جسے اردو آئے
(۵) اردو جسے کہتے ہیں تہذیب کا چشمہ ہے
وہ شخص مہذب ہے جس کو یہ زباں آئی
(۶) اردو کے چند لفظ ہیں جب سے زبان پر
تہذیب مہرباں ہے مرے خاندان پر
✍️ اشوک ساحل
(۷) میری گھٹی میں پڑی تھی ہو کے حل اردو زباں
جو بھی میں کہتا گیا حسن بیاں بنتا گیا
✍️ فراق گورکھپوری
(۸) زباں کھولے تو جادو بولتا ہے
میرا محبوب اردو بولتا ہے
✍️ حسنین عاقب
(۹) شستہ زباں شگفتہ بیاں ہونٹھ گلفشاں
ساری ہیں تجھ میں خوبیاں اردو زبان کی
✍️ فرحت احساس
(۱۰) سیکڑوں اور بھی دنیا میں زبانیں ہیں مگر
جس پہ مرتی ہے فصاحت وہ زباں ہے اردو
✍️ نامعلوم
(۱۱) جو دل باندھے وہ جادو جانتا ہے
مرا محبوب اردو جانتا ہے
✍️ انیس دہلوی
(۱۲) ملاؔ بنا دیا ہے اسے بھی محاذ جنگ
اک صلح کا پیام تھی اردو زباں کبھی
✍️ آنند نرائن ملا
(۱۳) اُردو ہے جس کا نام ہمی جانتے ہیں داغ
سارے جہاں میں دھوم ہماری زباں کی ہے
✍️ داغ دہلوی
(۱۴) وہ اردو کا مسافر ہے یہی پہچان ہے اس کی
جدھر سے بھی گزرتا ہے سلیقہ چھوڑ جاتا ہے
✍️ نا معلوم
(۱۵) سگی بہنوں کا جو رشتہ ہے اردو اور ہندی میں
کہیں دنیا کی دو زندہ زبانوں میں نہیں ملتا
✍️ منوّر رانا
(۱۶) شہد و شکر سے شیریں اردو زباں ہماری
ہوتی ہے جس کے بولے میٹھی زباں ہماری
✍️ الطاف حسین حالی
(۱۷) اس طرح منسلک ہوا اردو زبان سے
ملتا ہوں اب سبھی سے بڑی عاجزی کے ساتھ
✍️ بشیر مہتاب
(۱۸) ڈال دے جان معانی میں وہ اردو یہ ہے
کروٹیں لینے لگے طبع وہ پہلو یہ ہے
✍️ اکبر الہٰ آبادی
(۱۹) اپنی اردو تو محبت کی زباں تھی پیارے
اب سیاست نے اسے جوڑ دیا مذہب سے
✍️ صدا انبالوی
(۲۰) اردو سے ہو کیوں بیزار انگلش سے کیوں اتنا پیار
چھوڑو بھی یہ رٹا یار ٹوئنکل ٹوئنکل لٹل اسٹار
✍️ انور مسعود
(۲۱) ہندی میں اور اردو میں فرق ہے تو اتنا
وہ خواب دیکھتے ہیں ہم دیکھتے ہیں سپنا
✍️ نا معلوم
(۲۲) اردو جسے کہتے ہیں تہذیب کا چشمہ ہے
وہ شخص مہذب ہے جس کو یہ زباں آئی
✍️ روش صدیقی
Comments
Post a Comment